بنٹوال،11؍ اگست (ایس او نیوز) ایندھن سپلائی کرنے والی کمپنی کی پائپ لائن میں سوراخ کرکے ڈیزل چوری کرنے اور زیر زمین دوسرا پائپ بچھا کر اپنے گھر تک ڈیزل لے جانے کے معاملہ میں بنٹوال دیہی پولیس کی ٹیم نے کلیدی ملزم آئیوان پنٹو سمیت 6 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔
اس معاملہ کے سامنے آنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آئیوان پنٹو کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا ڈیزل بھرے ہوئے کین ضبط کیے ۔ تحقیقاتی ٹیم نے انسپکٹر ٹی ڈی ناگراج اور سب انسپکٹرپرسنا کی قیادت میں کارروائی کی اور ملزمین کو گرفتار کیا ۔ ان میں سے تین ملزمین کی شناخت کلیدی ملزم اور زمین کے مالک آئیوان پنٹو، پائپ لائن میں سوراخ کرنے والے ویلڈر اجیت ، کنور کے جوئیل پریتم کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعض ملزمین ابھی مفرور ہیں اور ان کی گرفتاری کے لئے جال بچھایا گیا ہے۔ پولیس کی تحقیقات کے دوران اندازہ لگایا گیا ہے کہ زیر زمین پائپ لائن سے کم از کم 40 لاکھ روپے مالیت کا ڈیزل چوری کیا گیا ہے۔